Friday, March 29, 2024

شام میں جنگ بندی‘ روس کیساتھ معاہدے میں جلدبازی نہیں کرینگے : امریکا

شام میں جنگ بندی‘ روس کیساتھ معاہدے میں جلدبازی نہیں کرینگے : امریکا
August 27, 2016
جنیوا (ویب ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ شام میں جنگ بندی کے حوالے سے روس کے ساتھ معاہدے کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے۔ جنگ بندی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے تاہم ابھی کچھ معاملات حل طلب ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جنیوا میں امریکی اور روسی وزرائے خارجہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی جس میں شام میں جنگ بندی کے حوالے سے معاملات زیربحث آئے۔ ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ روسی وزیرخارجہ کے ساتھ طویل ملاقات تعمیری اور نتیجہ خیز رہی۔ شام کے مسئلے پرروس کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں تاہم ابھی معاہدے کے امورطے نہیں ہوئے۔ کسی نتیجے پر پہنچے بغیر کوئی اعلان نہیں کرنا چاہتے۔ شام میں جنگ بندی کے حوالے سے ابھی کچھ مسائل حل طلب ہیں اور معاہدے سے متعلق جلد بازی نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور روس کی تکنیکی ٹیموں کے درمیان جنیوا میں ملاقات آئندہ چند روز تک جاری رہے گی۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اس موقع پر کہا کہ شام کے معاملے کے حل کے لیے باغیوں اور دہشت گردوں میں فرق کرنا ضروری ہے۔