Friday, May 17, 2024

شام میں ترکی کا آپریشن پیس سپرنگ جاری، ترک صدر کا 174 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

شام میں ترکی کا آپریشن پیس سپرنگ جاری، ترک صدر کا 174 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
October 11, 2019
 دمشق (92 نیوز) شام میں ترکی کا آپریشن پیس سپرنگ جاری ہے۔ ترک صدر نے 174 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کر دیا۔ ترکی کی شام میں کردُوں کے خلاف لڑائی نے شدت اختیار کر لی۔ ترک افواج کی جانب سے حملوں میں تیزی آنے کے بعد شام کے شمالی علاقوں سے ہزاروں افراد نکل مکانی کرکے محفوظ  علاقوں میں چلے گئے ہیں۔ ترک فوج نے فی الوقت سرحدی قصبوں راس العین اور تل ابیض کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ادھر امدادی اداروں کو خدشہ ہے کہ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ سکتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے ترکی کے شام  میں کردوں پر حملے کے حوالے سے ان کے پاس 3 آپشنز ہیں۔ پہلا آپشن یہ ہے کہ وہ شام میں ہزاروں فوجی بھیج کر جنگ جیت لیں۔ دوسرا آپشن یہ ہے کہ ترکی پر سخت پابندیاں لگائی جائیں اور اسکی معیشت کو زک پہنچائی جائے جبکہ تیسرا یہ ہے کہ کردوں اورترکی کے درمیان ثالثی کا کردار کیا جائے۔ امریکا میں حکمران جماعت رپبلکن پارٹی کے 29 کانگریس ارکان نے شام میں عسکری کارروائی پر ترکی کے خلاف پابندیوں کا بل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کی خاتون رکن لز چینی کا کہنا ہے ترکی کو خطے میں ہمارے کرد اتحادیوں پر بےرحمی سے حملہ کرنے کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب سلامتی کونسل کا یورپین ممالک کی جانب سے بلایا جانے والا اجلاس ترکی کی شام میں جاری عسکری کارروائیوں پر تقسیم کا شکار ہو گیا   اور ترکی کے خلاف مشترکہ بیان جاری کرنے میں بھی ناکام رہا ہے۔