Tuesday, May 21, 2024

شام میں ترک فوج کا آپریشن جاری، 14 دیہات کا کنٹرول سنبھال لیا

شام میں ترک فوج کا آپریشن جاری، 14 دیہات کا کنٹرول سنبھال لیا
October 13, 2019
دمشق(92 نیوز) شام میں ترکی کا کرد جنگجوؤں کیخلاف فوجی آپریشن جاری ہے۔ فورسز نے سرحدی علاقے راس العین  سمیت 14 دیہات کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ بدھ سے جاری آپریشن میں 399 کرد جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔ عرب لیگ نے ترک آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے اِسے عرب سرزمین پر حملہ قرار دے دیا۔ ترکی کا شام کے شمال مشرقی حصے میں آپریشن بہارِ امن جاری ہے۔ ترک حمایت یافتہ باغیوں نے اہم سرحدی علاقے راس العین سے  کرد جنگجوؤں کا قبضہ چھڑالیا۔ فورسز نے چودہ دیہاتوں پر بھی قبضہ کرلیا۔۔ترک وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ آٹھ گھنٹوں میں  آپریشن کے دوران  مزید تہتر کرد باغی ہلاک ہوئے۔ آپریشن کے ردعمل میں فرانس اور جرمنی نے ترکی کو ہتھیاروں کی برآمدات معطل کردی۔ دونوں ممالک کا کہنا تھا کہ شام میں فوجی آپریشن یورپ کی سکیورٹی کیلئے خطرہ ہے۔ دوسری جانب قاہر میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ترک آپریشن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اِسے عرب سرزمین پر حملہ قرار دیا گیا۔عرب لیگ کا کہنا تھا کہ  شمالی شام میں فوجی  کارروئیاں اسکی خود مختاری کے خلاف جارحیت ہے،،مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے۔ ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اوگلو نے  انقرہ حکومت  اور کرد جنگجوؤں کے درمیان مذاکرات کیلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ترکی دہشتگردوں  کیساتھ مذاکرات نہیں کرتا ہے ۔۔ایک ہی چیز ہونا باقی ہے کہ دہشتگرد ہتھیار ڈال دیں۔