Sunday, May 5, 2024

شام ، مشرقی غوطہ کے قصبے دوما سے 112 افراد کی اجتماعی قبر کا انکشاف

شام ، مشرقی غوطہ کے قصبے دوما سے 112 افراد کی اجتماعی قبر کا انکشاف
April 20, 2018
شام (92 نیوز) شام کی حکومتی فورسز کو دوما میں کومبنگ آپریشن کے دوران ایک سوبارہ افراد کی اجتماعی قبر ملی جنہیں فرانزک ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان افراد کو شدت پسند گروہوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ ادھر امریکی لیفٹننٹ جنرل کینتھ مکینزی نے کہا کہ اتحادی ممالک کی کارروائی کے باوجود اسد حکومت کے پاس کیمیائی حملے کی صلاحیت باقی ہے ،اور مستقبل میں اس کا مزید استعمال خارج ازمکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اسد حکومت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑی تو دوبارہ کارروائی کیلئے بھی تیارہیں۔ دوسری طرف کیمیائی ہتھیاروں کے نگراں ادارےاو پی سی ڈبلیو کی تحقیقاتی ٹیم تاحال دوما میں داخل نہیں ہو سکی ۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ اس بات کے قابل اعتبار شواہد موجود ہیں کہ روس اور شام  مبینہ کیمیائی حملے کے ثبوت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شام نے فرانس کی جانب سے صدر بشار الاسد کو دو ہزار ایک میں دیا جانے والا اعلیٰ ترین سول اعزاز واپس کر دیا ۔ شامی  وزارت خارجہ کے مطابق ایسے ملک کا اعزاز قبول نہیں جو امریکا کا غلام  اور دہشتگردوں کا حمایتی ہو۔