Monday, September 16, 2024

شام ، مشرقی غوطہ کا ایک حصہ باغیوں نے خالی کر دیا

شام ، مشرقی غوطہ کا ایک حصہ باغیوں نے خالی کر دیا
March 24, 2018

غوطہ ( 92 نیوز ) مشرقی غوطہ کا ایک حصہ باغیوں نے خالی کر دیا ہے  ،  مشرقی غوطہ میں اب صرف دوما کا علاقہ باغیوں کے قبضے میں ہے۔ایک ماہ سے جاری اس جنگ میں 2ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔

مشرقی غوطہ میں شامی فوج کی پیش قدمی جاری ہے ،علاقے کے ایک بڑے حصے پر شامی فوج قابض ہوچکی ہے جہاں سے متاثرین کی نقل مکانی جاری ہے۔

مشرقی غوطہ کو ایک طویل عرصے سے حکومتی فورسز نے اپنے محاصرہ میں لے رکھا ہے۔دسمبر 2016 میں حلب کے علاقے سے باغیوں کے انخلا کے بعد مشرقی غوطہ سے باغیوں کی پسپائی کو اسد حکومت کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

دوما شہر میں عسکری کارروائیوں کےخاتمے کے لیے  جیش الاسلام تنظیم اور روس کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ 

مشرقی غوطہ میں ہتھیار ڈالنے والے باغیوں کو لے کر کئی بسیں شہر کی حدود سے باہر نکل گئی ہیں۔ حکومت کے سامنے سرنڈر کرنے والے باغیوں اورعلاقہ چھوڑنے والے افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا ہے۔

غوطہ میں  غذائی اور طبی امداد کا سامان ختم ہو جانے کے ساتھ رہائش کے لیے غیر موزوں مقامات پر شہریوں کے ہجوم کی وجہ سے بیماریاں بھی پھیل گئی ہیں۔