Thursday, April 18, 2024

شام سے انخلاء کرنیوالے بیشتر امریکی فوجی عراق میں تعینات

شام سے انخلاء کرنیوالے بیشتر امریکی فوجی عراق میں تعینات
October 22, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے شام سے انخلاء کرنے والے بیشتر امریکی فوجی اہلکار عراق میں تعینات کر دیے ، چند اہلکار تیل تنصیبات کی حفاظت کیلئے شام میں ہی موجود رہیں گے ۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ترکی کیخلاف عسکری کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے متعلق پالیسی میں ایک اور یوٹرن  لے لیا۔شام سے نکلنے والی امریکی فورسز  عراق میں تعینات کردی گئیں ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سو گاڑیوں پر مشتمل قافلہ عراقی صوبے دوہوک  پہنچا تو راست میں شہریوں نے اُن کا استقبال کیا ، اس سے قبل یہ قافلہ جب  شام کے سرحدی علاقے  قمیشلی سے گزر رہا تھا تو کرد شہریوں نے  غصے کا اظہار کرتے ہوئے گاڑیوں پر آلو پھینکے اور "جاؤ امریکی جھوٹو" کے نعرے لگائے۔ دوسری جانب کابینہ اجلاس سے خطاب میں  ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تقریباً دو سو فوجی اہلکار  تیل تنصیبات کی حفاظت کیلئے شام میں ہی موجود رہیں گے  ، انہوں نے شام میں جنگ بندی معاہدے میں توسیع کی بھی امید ظاہر کی۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ  ضرورت پڑنے پر  صدر ٹرمپ ترکی کیخلاف عسکری   کارروائی کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں تاہم ہم جنگ کی بجائے امن کو ترجیح دیں گے ۔