Saturday, May 4, 2024

شام سے امریکی فورسز کے انخلا کے فیصلے پر امریکی وزیر دفاع نے استعفیٰ دیدیا

شام سے امریکی فورسز کے انخلا کے فیصلے پر امریکی وزیر دفاع نے استعفیٰ دیدیا
December 21, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) شام سے امریکی فورسز کے انخلا کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یکے بعد دیگر  بڑے فیصلے آنے لگے۔ چند روز قبل شام سے امریکی فورسز کے انخلا کے بعد اب افغانستان میں بھی امریکی افوج کی تعداد میں بڑی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی عسکری قیادت کو افغانستان میں تعینات اہلکاروں کی تعداد  نصف  کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ فوج کی تعداد میں 7 ہزار اہلکاروں کی کمی کی جائے گی۔ امریکی صدر کے اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کو شام سے فوری طور پر نکال رہے ہیں۔ دوسری جانب شام سے فوج واپس بلانے کے فیصلے سمیت صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے خفا امریکی وزیر دفاع جیمزمیٹس نے عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ جیمز میٹس فروری میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ جیمزمیٹس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو حق ہے اپنی سوچ سے ہم آہنگ شخص کو وزیر دفاع بنائیں، اس لیے یہی بہتر ہو گا کہ وہ وزیر دفاع کا عہدہ چھوڑ دیں۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کے نام خط میں واضح کیا کہ انکی سوچ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔ جیمزمیٹس کے عہدہ چھوڑنے کا اعلان صدر ٹرمپ کی جانب سے شام سے امریکی فوج کی واپسی کے فیصلے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔