Friday, May 10, 2024

شام، ترک فوج کی بمباری، 5 شہریوں سمیت 14 افراد ہلاک

شام، ترک فوج کی  بمباری، 5 شہریوں سمیت 14 افراد ہلاک
October 14, 2019
دمشق (92 نیوز) شام کے شمال مشرقی حصے میں ترکی کا فوجی آپریشن جاری ہے، راس العین میں کرد قافلے پر فضائی بمباری سے 5 عام شہریوں سمیت 14 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ شام کے شمال مشرقی حصے میں ترکی کا فوجی آپریشن بہارِ امن جاری ہے۔ ترکی فورسز نے اہم سرحدی علاقے تل ابیاد پر قبضہ کرلیا۔ ترک فضائیہ کی جانب سے راس العین میں کرد جنگجوؤں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 5 عام شہریوں سمیت 14 افراد ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب شام میں روسی ایئر بیس پر شامی حکومت اور کرد میلیشیا سیرئن ڈٰیموکریٹک فورسز کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ سیرئن ڈٰیموکریٹک فورسز نے اعلان کیا کہ اُن کا دمشق حکومت کیساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت شامی حکومت، ترک فورسز کی پیشقدمی روکنے کیلئے سرحدی علاقوں میں اپنی افواج تعینات کرے گی۔ اس سلسلے میں حکومتی فورسز شمالی شام کی جانب روانہ ہوگئی ہیں۔ کرد جنگجوؤں اور شامی حکومت کے درمیان معاہدے اور ترکی جانب سے فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینے کے اعلان کے بعد امریکا نے شام سے ایک ہزار فوجی اہلکاروں کے انخلا کا حکم دے دیا ہے۔ ادھر فرانسیسی صدر عمانوئل میکخواں اور جرمنی چانسلر اینگلا مرکل کے درمیان ملاقات ہوئی۔ صدر میکخواں کا کہنا تھا کہ شام میں ترکی کی فوجی کارروائی سے غیر معمولی انسانی بحران پیدا ہونے اور داعش کے دوبارہ سر اٹھانے کا خدشہ ہے۔ جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے کہا کہ انہوں نے ترک صدر طیب اردوان سے بات کی ہے، جس میں انہوں نے صورتحال کے سیاسی حل پر زور دیا۔