Monday, September 16, 2024

شام اور عراق میں کارروائی کیلئے ایران نے اپنا اہم فوجی اڈا روس کو دیدیا

شام اور عراق میں کارروائی کیلئے ایران نے اپنا اہم فوجی اڈا روس کو دیدیا
August 16, 2016
تہران (ویب ڈیسک) ایران نے اپنا اہم فوجی اڈا روس کے حوالے کر دیا جس کے بعد ہمدان ایئربیس سے روسی لڑاکا طیاروں نے شام میں داعش اور النصرہ فرنٹ کے ٹھکانوں پر بمباری کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں عالمی طاقتوں کے مفادات کی جنگ میں تیزی سے نئی چالیں چلی جا رہی ہیں۔ شام میں بشارالاسد کو اقتدار سے نکالنے اور بچانے کی کشمکش میں امریکہ اور روس کھل کر آمنے سامنے ہیں لیکن داعش کا مل کر مقابلہ کرنے کے بھی دعوے ہیں۔ اس کشمکش میں ایران نے اپنا اہم فوجی اڈا روس کے حوالے کر دیا جہاں سے روس کے ٹی یو 22 ایم تھری طیاروں نے آج پہلا مشن انجام دیا۔ روس کے لڑاکا طیاروں نے مغربی ایران کے ہمدان ایئربیس سے اڑان بھری اور حلب‘ دیرالزور اور ادلب میں داعش اور النصرہ فرنٹ کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ روس نے اس مشن کی تفصیلات بھی جاری کر دیں۔ روس نے شام میں داعش کے اڈوں پر حملوں کے لیے کروز میزائل استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے لیے روس نے عراق اور ایران سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دیں۔ ایرانی فوجی اڈا ملنے سے روسی طیاروں کا شام کے لیے سفر 60 فیصد کم ہو گیا ہے اور اس کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی ہو گی۔