Thursday, May 16, 2024

شام ، امریکی اتحادی طیاروں کی بمباری میں 16 شہری ہلاک

شام ، امریکی اتحادی طیاروں کی بمباری میں 16 شہری ہلاک
February 12, 2019
دمشق ( 92 نیوز) مشرقی شام میں داعش کے زیر قبضہ آخری علاقے میں امریکی اتحادی طیاروں کی بمباری میں 16 عام شہری جاں بحق ہو گئے ۔ سیرئن آبزرویٹری کے مطابق  کارروائی  صوبہ دیر الزور میں کی گئی جس میں  7 بچوں سمیت 16 افراد  جاں بحق ہوئے ۔ امریکی حمایت یافتہ کرد ملیشیا سیرئن ڈیموکریٹک فورسز کیساتھ  جھڑپوں میں داعش کے 19 دہشت گرد بھی مارے گئے ۔ مشرقی شام میں  سیرئن ڈیموکریٹک فورسز داعش کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کررہی ہیں ،  آپریشن کے باعث علاقے سے اب تک ہزاروں عام شہری   نقل مکانی کرچکے ہیں ۔

ترکی ہیلی کاپٹر حادثہ

دوسری جانب ترکی میں فوجی ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس سے 4 فوجی اہلکار جاں بحق ہو گئے ۔ ترک میڈیا کے مطابق  تکنیکی خرابی کی وجہ سے فوجی  ہیلی کاپٹر ایمرجنسی لینڈنگ کےدوران  شہر کے رہائشی علاقے میں گرا۔ ترکی ریسکیو اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں اہلکاروں کو  شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ گورنر استنبول کے مطابق حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ، استنبول میں ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ سال نومبر میں بھی پیش آیا تھا اس میں چار فوجی اہلکارمارے گئے تھے ۔

برازیل ہیلی کاپٹر حادثہ

ادھر برازیل میں چھوٹا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے صحافی سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے ۔ برازیل ہیلی کاپٹر حادثہ خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ ساؤ پاؤلو شہر میں پیش آیا ،چھوٹا ہیلی کاپٹر دوران پروازسڑک سے گزرنے والے ایک ٹرک پر جاگرا،ابتدائی تحقیقات کے مطابق پائلٹ سے  ہیلی کاپٹر آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا تھا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں برازیل کے معروف صحافی اور براڈ کاسٹر ریکارڈو بوشاٹ بھی شامل ہیں جو اپنا پروگرام پیش کرنے کے بعد گھر واپس جارہے تھے ۔ ہیلی کاپٹر کا پائلٹ بھی زندہ نہ بچ سکا جبکہ ٹرک کا ڈرائیور حادثے میں شدید زخمی ہوا۔