Friday, May 10, 2024

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 143واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 143واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے
November 9, 2020

لاہور (92 نیوز) مصور پاکستان، شاعرمشرق، حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا 143واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب  ہوئی ، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھال لیے۔کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے بھی مزار پر حاضری دی۔

بیسویں صدی کے معروف شاعر، مصنف، قانون دان اور پاکستان کا خواب دیکھنے والے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا آج یوم پیدائش ہے۔ عظیم فلسفی شاعر، حکیم الامت علامہ محمد اقبال تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔

آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ خودی اور مسلمانوں کے لئے الگ ملک کی اہمیت کا شعور پیدا کیا۔

علامہ اقبال رحمہ اللہ تعالیٰ نے اردو اور فارسی میں بیک وقت شاعری کی۔ ان کے مشہور مجموعہ کلام میں پیام مشرق، زبور عجم، بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم شامل ہیں۔ آپ کے مجموعہ کلام شکوہ اور جواب شکوہ نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑے۔

بحیثیت سیاستدان آپ کا سب سے نمایاں کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے جو آپ نے 1930 میں الہ آباد میں مسلم لیگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیش کیا تھا۔ یہی نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔