Sunday, September 8, 2024

شارجہ ٹیسٹ : پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 234رنزپرڈھیر

شارجہ ٹیسٹ : پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 234رنزپرڈھیر
November 1, 2015
شارجہ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ شارجہ میں کھیلا جا رہا ہے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے پاکستان کے دو سو چونتیس رنز کے جواب میں بغیر نقصان کے چار رنز بنا لیے۔ تفصیلات کےمطابق شارجہ ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر انگلش اوپنرز الیسٹر کک بغیر کوئی رن بنائے جبکہ معین علی چار رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین کیپس کا آغاز اچھا نہ تھا۔ پہلی پانچ وکٹیں ایک سو سولہ رنز تک گر چکی تھیں۔ ٹیم میں نئے شامل ہونے والے اوپنر اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پانچ کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے جبکہ  محمد حفیظ ستائیس اور شعیب ملک اڑتیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یونس خان اکتیس رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ اسد شفیق صرف پانچ رنز بنا پائے۔  سرفراز انتالیس اور وہاب ریاض کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔ یاسر شاہ سات اور مصباح الحق اکہتر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انگلینڈ کی طرف سے اینڈرسن نے تین جبکہ معین علی ، سمیت پٹیل اور سٹوارٹ براڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔