Tuesday, April 30, 2024

شارجہ ٹیسٹ ایک بار پھردلچسپ مرحلے میں داخل ،پاکستان کو 39 رنز کے بدلے 5وکٹیں درکار

شارجہ ٹیسٹ ایک بار پھردلچسپ مرحلے میں داخل ،پاکستان کو 39 رنز کے بدلے 5وکٹیں درکار
November 3, 2016
  شارجہ(92نیوز)شارجہ ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا۔ یاسر شاہ اور وہاب ریاض کی عمدہ باؤلنگ نے ہاتھ سے نکلتے میچ کو سنبھال لیا۔ چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے پر ویسٹ انڈیز کو جیتنے کے لیے انتالیس رنز اور پاکستان کو پانچ وکٹیں درکار ہیں۔ کریگ براتھویٹ اور ڈورچ کی طرف سے مزاحمت جاری ہے۔ تفصیلات کےمطابق گرین شرٹس نےآسان ہدف  بھی ویسٹ انڈیزکےلئےمشکل بنادیا ایک سوتریپن رنزکا تعاقب کرتےہوئےمہمان ٹیم   نےایک سو چودہ رنز پر پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ سیریزمیں اکلوتی فتح حاصل کرنے کےلئے ویسٹ انڈیز کو  انتالیس رنز درکار ہیں جبکہ گرین کیپس کو سیریز وائٹ واش کرنے کےلئے پانچ وکٹیں اڑاناہیں۔ دن کے اختتام پر اوپنر کریگ براتھویٹ چوالیس اور شان ڈورچ چھتیس رنز کے ساتھ مزاحمت کر رہے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے  آؤٹ ہونے والے پانچوں بلے بازوں میں سے کوئی بھی نمایاں کارکردگی نہیں دکھاسکا۔ یاسر شاہ نے تین اور وہاب ریاض نے دو ویسٹ انڈین بلے بازوں کو جلد پویلین بھیج کر پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔ اس سے پہلے  پاکستان نے ستاسی رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے چوتھے دن کا آغاز کیا۔ اظہر علی کے عمدہ کھیل کی بدولت ٹیم مجموعی اسکور میں مزید ایک سو اکیس رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئی۔   اظہرعلی نےشاندار اکانوے رنز بنائے جبکہ سرفراز احمد  بیالیس رنز بناسکے۔دوسرے بلے بازوں میں محمد نوازانیس رنز بناکرنمایاں رہے۔