Monday, May 6, 2024

شادی کے نام پر کاروبار ، سرائے عالمگیر کی مسیحی لڑکی کو دلہا دو ماہ بعد ہی چھوڑ کر فرار

شادی کے نام پر کاروبار ، سرائے عالمگیر کی مسیحی لڑکی کو دلہا دو ماہ بعد ہی چھوڑ کر فرار
May 14, 2019
 سرائے عالمگیر (92 نیوز) چینی دلہوں کی جانب سے مزید پاکستانی لڑکیوں سے  فراڈ کا انکشاف ہو گیا۔ سرائے عالمگیر کی مسیحی لڑکی کو دلہا دو ماہ بعد ہی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پاکستان کے سادہ لوح عوام سے شادی کے نام پر دھوکا ہونے لگا۔ مستقبل کے سہانے خواب دیکھتی معصوم لڑکیوں سے مزید چینی نوجوانوں کی فراڈ شادیوں کا انکشاف ہو گیا۔ ایک دلہا دو ماہ بعد ہی اپنی بیوی کو چھوڑ کرچین   فرار ہو گیا۔ سرائے عالمگیر  کا غریب مسیحی شخص بھی چینی فراڈیوں کے ہتھے چڑھ گیا جس نے  اپنی بیٹی حرا کی شادی تین لاکھ روپے لے کر چینی نوجوان زینگ زنگ سے کر دی۔ حرا دو ماہ تک اپنے شوہر کے ساتھ اسلام آباد رہی لیکن پھر اچانک ہی اس کا شوہر چپکے سے چین روانہ ہو گیا۔ متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ اب حرا کو چین دیکھنے کی خواہش نہیں رہی۔ زینگ زانگ سے اب کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتے۔ چینی نوجوانوں کی فراڈ شادیوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ پھالیہ میں پولیس نے چینی نوجوان اور اس کی بیوی فروہ کو حراست میں لے لیا۔ خاتون کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ اپنی شادی سے خوش ہے، پولیس تنگ نہ کرے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی معاملے پر بول پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی شادیوں کے معاملے پر چینی حکام سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات سے پاک چین تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔