Saturday, April 20, 2024

شادی کی آڑ میں بیرون ملک لڑکیاں اسمگل کرنے کا انکشاف

شادی کی آڑ میں بیرون ملک لڑکیاں اسمگل کرنے کا انکشاف
May 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) شادی کی آڑ میں بیرون ملک لڑکیاں اسمگل کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، ایف آئی اے  نے لاہور میں پاکستانی اورچائنیزاسمگلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے  چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرانے والا 8رکنی گروہ گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق شادی کی آڑ میں بیرون ملک لڑکیاں اسمگل کرنے کے اسکینڈل کی مرکزی ملزمہ کینڈس کا چین سے تعلق ہے،فیصل آباد سے بھی ایک ایجنٹ پکڑا گیا،بازیاب 3لڑکیاں والدین کے حوالے کر دی گئیں۔ بیٹیوں کے سنہرے مستقبل کے سپنے، ڈراؤنے خواب بننے لگے، غریب گھرانوں کی لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کر چین اسمگل کرنے کا انکشاف ہوا  ، مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران درجنوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہور میں ایف آئی اے نے ڈیوائن گارڈن میں کارروائی کرکے چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

گھوٹکی کا نوجوان چینی لڑکی کو بیاہ لایا

گرفتار ملزمان میں مقامی افراد  زاہد مسیح اور قیصر بھٹی سمیت 8 چینی باشندے شامل ہیں۔ دوسری جانب منڈی بہاؤالدین کے گوڑھا محلہ میں پولیس اور حساس اداروں نے رات گئے کارروائی کرکے چائنیز دلہے کی سفری دستاویزات تحویل میں لے لی۔ چینی شہری  لاہور کے میرج بیورو کے تعاون سے شادی رچانے میں سرگرم تھا۔ فیصل آباد میں مکروہ دھندے میں ملوث گروہ کے مزید ایک ایجنٹ کو گرفتار کرلیاگیا، 2 روز میں گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہوگئی۔ ایف آئی اے حکام نے گروہ سے بازیاب ہونے والی 3 لڑکیوں کو والدین کے حوالے کردیاہے، ادھر پاکستانی لڑکیوں کی چین اسمگل کرنے میں ملوث 4 ملزمان کو فیصل آباد کی مقامی عدالت نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گروہ کے افراد لڑکیوں کے والدین کو رقم کا لالچ دیکر شادیاں کرواتے، شادی کے بعد دلہنوں کو چین لے جا کر غیر اخلاقی کام کروائے جاتے ہیں۔