Thursday, May 2, 2024

شادی کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کی چین اسمگلنگ کے کیس میں مزید سات افراد گرفتار

شادی کا جھانسہ دے کر لڑکیوں کی چین اسمگلنگ کے کیس میں مزید سات افراد گرفتار
May 7, 2019
لاہور ( 92 نیوز) شادی کا جھانسہ دے کر غریب پاکستانی لڑکیوں کی چین اسمگلنگ بارےمزید انکشافات سامنے آگے۔ تین چینیوں سمیت مزید سات افراد گرفتار کر لیئے گئے۔ گروہ کا سرغنہ سانگ چوائیانگ اور سہولت کار ساجد بھی پکڑا گیا۔چینی باشندوں سمیت تمام گرفتار ملزم فیصل آباد منتقل کر دیئے گئے۔ دوسری طرف چینی لڑکوں کے مقامی ایجنٹ پادری زاہد مسیح نے 15 اور  قیصر محمود نامی شخص نے 10 شادیاں کرانے کا اعتراف کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق  کاشف نواز  ایک نجی یونیورسٹی  سے چینی زبان کا کورس کر کے گینگ کا حصہ بنا اور مترجم کے طور پر کام کرتا تھا، گینگ کے ایک اور ملزم سنیل مسیح کا کام شادی کے لئے ہال اور دیگر انتظامات کا بندوبست کرنا تھا۔ ایف آئی اے نے حالیہ کارروائیوں کے بعد کیس درج کرکے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، ذرائع کے مطابق مکروہ دھندے میں ملوث چینی خاتون کے پاکستانی پارٹنر انس کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہےہیں،بتایا جارہاہے کہ انس نامی ملزم سابق ڈی ایس پی کا بیٹا ہے۔ ایف آئی اے نے شادی کے نام پر پاکستانی لڑکیوں کو  چین لے جاکر غیر اخلاقی کام کرانے کے انکشاف پر لاہور، فیصل آباد اور منڈی بہاؤالدین میں کارروائیاں کرکے اسمگلنگ میں ملوث درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ مرکزی ملزمہ کینڈس کا تعلق چین سے ہے، کینڈس کے نیٹ ورک نے50 سے زائد لڑکیوں کو چین بھجوایا ۔