Tuesday, April 23, 2024

شادی مرد کی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے: تحقیقی رپورٹ

شادی مرد کی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے: تحقیقی رپورٹ
June 22, 2015
لندن (ویب ڈیسک) سائنسدان اگرچہ خوشگوار ازدواجی زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں اور پچھلی کئی سٹڈی رپورٹس کے مطالعوں سے ظاہر ہوا ہے کہ خوشگوار ازدواجی تعلقات سے دل کی صحت پر مثبت نتائج ظاہر ہوتے ہیں لیکن ایک نئی تحقیق کا نتیجہ خاصا حیران کن ہے جس میں سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے عورتوں میں بیماریوں کا خطرہ کم نہیں ہوتا ہے لیکن ایک مرد کی صحت کےلئے شادی اچھی ہو سکتی ہے۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ عورتوں کیلئے شادی کا فائدہ بہت کم ہے جبکہ محققین کا کہنا ہے کہ ایک شادی شدہ مرد کی صحت اپنے ہم منصب کنوارے مرد کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوتی ہے۔ تحقیق کاروں نے کہا کہ بظاہر شادی کے فوائد مردوں کےلئے بہت زیادہ نہیں تھے لیکن نتائج سے پتہ چلا ہے کہ طویل مدتی ازدواجی تعلقات سے ایک مرد کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہ تاریخی مطالعہ یونیورسٹی کالج لندن، لندن سکول آف اکنامکس اور لندن سکول آف ہائی جین کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ تحقیق کاروں نے نتائج سے اخذ کیا کہ ایک غیر شادی شدہ مرد کو شادی شدہ مرد کے مقابلے میں زیادہ منفی صحت کے اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ایک کنوارے مرد کے مقابلے میں ایک غیرشادی شدہ عورت کو منفی صحت کے اثرات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے۔ محققین نے کہا کہ ہمارے مطالعے میں نہ تو غیرشادی شدہ ہونا اور نہ ہی طلاق یافتہ ہونے سے عورتوں کی صحت پر کوئی بڑا منفی اثر نظر آتا ہے۔ اس نتیجے کے برعکس ادھیڑ عمر کنواری عورتوں کےلئے میٹابولک سینڈروم یا ذیا بیطس، ہائی بلڈپریشر اور موٹاپے کی بیماریوں کا خطرہ شادی شدہ عورتوں کے برابر تھا۔ یونیورسٹی کالج لندن میں آبادی اور صحت کے سائنسدان ڈاکٹر جارج پیلوبیڈس نے کہا کہ شادی مرد کےلئے زیادہ فائدہ مند ظاہر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنوارہ رہنا مردوں کے مقابلے میں عورتوں کےلئے کم نقصان دہ تھا۔ تحقیق سے پتہ چلا کہ ایک شادی شدہ مرد کے مقابلے میں ایک کنوارے مرد کےلئے دل کے مسائل کا خطرہ 14 فیصد زیادہ تھا لیکن ایک کنواری اور شادی شدہ عورت میں یہ فرق نہ ہونے کے برابر تھا۔ تحقیق میں ایسے سائنسی شواہد پیش کئے گئے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ طلاق یا علیحدگی مرد اور عورت دونوں کی مستقبل کی صحت کےلئے اس وقت تک نقصان دہ نہیں ہے جب تک ان کی زندگی میں کوئی نیا جیون ساتھی نہیں آجاتا ہے۔