Thursday, April 25, 2024

شادی رجسٹرڈنہ کرانے پر نثارکھوڑو کیخلاف مقدمہ درج ہو سکتا ہے،سپریم کورٹ

شادی رجسٹرڈنہ کرانے پر نثارکھوڑو کیخلاف مقدمہ درج ہو سکتا ہے،سپریم کورٹ
July 11, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نثار کھوڑو کی تیسری شادی کے معاملہ میں اپیل پر سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ شادی رجسٹرڈ نہ کرانے پر نثار کھوڑو کے خلاف مقدمہ درج ہوسکتا ہے ۔ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو کی تیسری شادی کے معاملہ میں اپیل پر چیف جسٹس نے سماعت کی ، وکیل درخواست گزارفاروق ایچ نائیک نے عدالت میں موقف اپنایا کہ میرے موکل نے 2007 میں تیسری شادی زبانی کلامی کی اور 2017 میں تیسری بیوی کو زبانی کلامی طلاق دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ ایک کیس میں یہ فیصلہ دے چکی ہے زبانی شادی کی کوئی حیثیت نہیں، شادی رجسٹرڈ نہ کروانے پر نثار کھوڑو کے خلاف مقدمہ درج ہوسکتا ہے، فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ میرے موکل پر الزام لگایا گیا کہ نثار کھوڑو نے عدالت میں اپنی بیٹی کی ولدیت تسلیم نہیں کی جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کوئی شخص اپنی بیٹی کی ولدیت عدالت میں قبول نہ کرے۔ فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ نثار کھوڑو کی تیسری بیوی نے بیان حلفی دیا ہوا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بڑی اچھی بیوی ہے جس نے طلاق کے بعد بھی بیان حلفی جمع کروایا ہے۔ نثار کھوڑو کے وکیل نے مزید تیاری کے لیے مہلت مانگ لی ، عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔