Monday, May 20, 2024

سیہون درگاہ کی سکیورٹی وفاق کی ذمہ داری نہیں تھی: وزیرداخلہ

سیہون درگاہ کی سکیورٹی وفاق کی ذمہ داری نہیں تھی: وزیرداخلہ
February 25, 2017

اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کم ہوئی لیکن ختم نہیں۔ کچھ واقعات اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے ہو جاتے ہیں۔ دہشت گردوں کی تشہیر کو روکنا ہوگا۔ سیہون واقعے پر سندھ حکومت کے ترجمان وفاق پر تیر چلاتے رہے۔ وہ یہ بتائیں سکیورٹی کی ذمہ داری کس کی تھی؟

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔ اس کا اعتراف پوری دنیا نے کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انفرادی کریڈٹ لینا مناسب نہیں۔ وزارت داخلہ نے صوبوں کو دہشت گردی کے واقعات کی پیشگی اطلاعات دیں لیکن اقدامات نہیں کئے گئے۔ دہشت گردی کم ضروری ہوئی ہے لیکن ختم نہیں ہوئی۔ کچھ واقعات ہماری اپنی کوتاہیوں سے ہوتے ہیں۔

سیہون واقعے پرچوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ بطور وزیر کسی پر تنقید نہیں کرتے لیکن وفاق پر تنقید کرنے والے صوبائی حکومت کے ترجمان بتائیں سکیورٹی کی ذمہ داری کس کی تھی۔

وفاقی وزیرداخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں اوران کے نمائندوں کو مکمل بلیک لسٹ کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لئے میڈیا لوگوں میں خوف پیدا نہ کرے۔ یکجہتی اور قومی عزم کے اظہار سے ہی عوام مضبوط ہونگے۔