Monday, September 16, 2024

سیہون: درگاہ لعل شہبازؒ پرخودکش دھماکا، 72زائرین شہید، 200زخمی

سیہون: درگاہ لعل شہبازؒ پرخودکش دھماکا، 72زائرین شہید، 200زخمی
February 16, 2017

سیہون شریف (92نیوز) دربار سیہون شریف کے احاطے میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 72 زائرین شہید جبکہ 200 زخمی ہو گئے۔ خودکش بمبار گولڈن گیٹ سے مزار میں داخل ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاک فوج سے مدد مانگ لی ہے۔

دھماکے کے وقت مزار کے احاطے میں زائرین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ ریسکیو ادارے جائے حادثہ پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

 حیدرآباد، دادو اور جامشورو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستے جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے 92نیوز سے گفتگو میں کہا کہ جمعرات کے باعث مزار کے احاطے میں بہت رش تھا۔

سجادہ نشین درگاہ لعل شہباز قلندر نے کہا ہے کہ دھماکا دھمال کے وقت ہوا۔ زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت اسپتالوں میں منتقل کیا۔ اسپتالوں میں زخمیوں کے لیے خون کی اشد ضرورت ہے۔ سیہون میں اتنے وسائل موجود نہیں ہیں۔