Thursday, April 25, 2024

سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان مہر کے قتل کا ڈراپ سین، اہلیہ نے اپنے بھائی کے ذریعے قتل کرایا

سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان مہر کے قتل کا ڈراپ سین، اہلیہ نے اپنے بھائی کے ذریعے قتل کرایا
December 12, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان مہر کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا۔ عرفان مہم کو انکی اہلیہ نے اپنے بھائی کے ذریعے قتل کرایا۔

قائم مقام ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن ،انچارج سی ٹی ڈی عمرخطاب و دیگر نے کراچی میں پریس کانفرنس کی۔ ملزمان نے عرفان مہر کے قتل کی منصوبہ بندی کیسے کی۔ 92 نیوز نے اندرونی تفصیلات حاصل کر لیں۔

راجہ عمر خطاب کے مطابق عرفان مہر کے قتل کی منصوبہ ساز اس کی بیوی صاحبزادی شبانہ تھی۔ گولیاں  برادرنسبتی اکبر نے چلائیں۔ محکمہ تعلیم میں بطور پیون ملازم اکبر کو چھ سال سے تنخواہ نہیں ملی تھی۔ سگی بہن نے اپنے شوہر کے قتل کیلئے بھائی سے حلف لیا اور دو لاکھ بیس ہزار روپے بھی دیئے۔

ملزم نے نئی موٹرسائیکل اور پستول خریدی۔ اکبر نے قتل  میں اپنے دوست واجد مہر کو بھی شامل کیا۔ ملزمان واردات کیلئے سندھ سے ٹرین میں کراچی پہنچے۔ قتل سے قبل دو مرتبہ عرفان مہر کی ریکی کی۔

ڈی آئی جی  سی ٹی ڈی عمر خطاب کا کہنا تھا ٹارگٹ کلر اسکول کے باہر ہی فائرنگ کرنا چاہتے تھے لیکن رش کے باعث نشانہ نہیں بنایا۔ قتل کے بعد ملزمان نے لاسی گوٹھ میں  موٹرسائیکل چھوڑ دی۔ اکبر اپنی بہن  کے پاس لاڑکانہ اور اس کا ساتھی واجد جاکھرو گائوں چلا گیا تھا۔