Thursday, April 25, 2024

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس 4 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس 4 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے
February 16, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل 4 روزہ دورے پرپاکستان پہنچ گئے، انتونیوگوتیرس وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ و دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، اسلام آباد میں عالمی افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کریں گے، یواین سیکرٹری جنرل 18 فروری کو لاہور اورگوردوارہ کرتار پور صاحب بھی جائیں گے۔ عالمی امن میں پاکستانی کاوشوں کا اعتراف کرلیا گیا، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتیریس چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے انتونیو گوتیریس کا استقبال کیا۔ انتونیو گوتیریس صدر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، وزیر خارجہ اور یواین سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی انتونیو گوتیریس کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ یواین سیکرٹری جنرل کل افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے، انتونیو گوتیریس عالمی امن و استحکام کے مرکز بھی جائیں گے، اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستانی خدمات بارے تصویری نمائش کا افتتاح، اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔ انتونیو گوتیرس منگل کے روز لاہور میں پولیو مہم کا افتتاح کریں گے، بادشاہی مسجد جائیں گے، کرتار پور گوردوارہ کا دورہ بھی یو این سیکرٹری جنرل کی مصروفیات میں شامل  ہے، شاہی قلعہ میں انتونیو گوتیریس کے اعزاز میں عشائیہ دیاجائےگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مختلف مکاتب فکر کےعلماء اور اقلیتی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ پاکستان پہنچنے سے قبل یو این سیکرٹری جنرل نے ٹویٹ میں پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف کیا، لکھا پاکستان، پوری دنیا میں اقوام متحدہ امن مشنز میں شامل ہے، پاکستان امن کا مستقل مزاج، قابل بھروسہ حصہ دار ہے۔ انتونیو گویتریس نے کانگو میں تعینات پاکستانی خواتین پیس کیپرز کی تصویر بھی ٹویٹر پر شیئر کی۔