Saturday, May 11, 2024

سیکرٹری تعلیم کا سیلاب سے محفوظ علاقوں کے سکول تین اگست کو کھولنے کا نوٹیفیکیشن ، وڈے سائیں نے سمری مسترد کر دی

سیکرٹری تعلیم کا سیلاب سے محفوظ علاقوں کے سکول تین اگست کو کھولنے کا نوٹیفیکیشن ، وڈے سائیں نے سمری مسترد کر دی
August 2, 2015
سندھ (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کا معاملہ مذاق بن کر رہ گیا ہے۔ سیکرٹری تعلیم نے سیلاب سے محفوظ علاقوں میں تعلیمی ادارے تین اگست کو کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ وڈے سائیں نے مسترد کر دیا۔ سندھ میں ہر بدلتے لمحے تعلیمی ادارے کھلنے کی تاریخ بھی بدلنے لگی۔ سندھ حکومت نے بارشوں اور سیلاب کی بنا پر موسم گرما کی تعطیلات میں سات دن کی توسیع کا اعلان کیا مگر پرائیویٹ سکول مالکان تعلیمی ادارے تین اگست کو کھولنے پر ہی بضد رہے۔ تین روز کی لفظی جنگ کے بعد سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو نے پرائیویٹ سکول مالکان کی بات مان لی کہ کراچی سمیت جن اضلاع میں سیلاب کا خطرہ نہیں تعلیمی ادارے تین اگست سے کھول دیئے جائیں گے مگر سیلاب زدہ علاقوں میں تعطیلات گیارہ اگست تک ہوں گی مگر وڈے سائیں نے سیکرٹری تعلیم کا نوٹیفکیشن مسترد کر دیا اور کہا کہ پورے صوبے میں ایک ہی حکمت عملی اور پالیسی ہونی چاہئے۔ تعلیمی ادارے گیارہ اگست کو ہی کھلیں گے۔ احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے تین اگست کو کھولنے کی سمری وزیراعلیٰ ہاؤس بھیجی تھی، منظور نہ ہوئی تو میں کیا کر سکتا ہوں۔ بہرحال انتظار کریں ہوسکتا ہے سمری منظور ہو جائے۔