Monday, September 16, 2024

سینیٹر مشاہد اللہ وطن واپس آ گئے، پروٹوکول ختم !!! اندازہ نہیں تھا میرے انٹرویو کا ردعمل اتنا شدید ہو گا : 92نیوز سے گفتگو

سینیٹر مشاہد اللہ وطن واپس آ گئے، پروٹوکول ختم !!! اندازہ نہیں تھا میرے انٹرویو کا ردعمل اتنا شدید ہو گا : 92نیوز سے گفتگو
August 16, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پر سینیٹرمشاہد اللہ مالدیپ سے اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران ملنے والی اطلاعات کو ہی انٹرویو میں بیان کیا۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میرے انٹرویو کا ردعمل اتنا شدید ہو گا، وزارت جانے پر پریشان نہیں ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کے فیصلے پر خوش ہوں، اپنا استعفیٰ آج یا کل وزیر اعظم کے حوالے کر دوں گا۔ قبل ازیں سینیٹر مشاہد اللہ جب وطن واپس پہنچے تو ایئرپورٹ سے وہ اپنے ذاتی دوست کی گاڑی میں گھر گئے، ان کا پروٹوکول ختم کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان کے سابق آئی ایس آئی چیف کے متعلق بیان نے سیاسی ماحول میں بھونچال پیدا کر دیا تھا۔ مشاہد اللہ خان کے بیان کے بعد وفاقی حکومت نے فوری طور پر انکے بیان کی تردید کی جبکہ پاک فوج کے ترجمان نے بھی بیان کو حقائق کے منافی قرار دیا۔ صورتحال زیادہ سنگین ہونے پر وزیر اعظم نے اپنے قریبی ساتھی اور پارٹی کے وفادار رہنما سے استعفیٰ طلب کر لیا۔ سیاسی تجزیہ کاروں نے اس صورتحال کو ایک نئے سیاسی بحران کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔