Saturday, April 20, 2024

سینیٹر مشاہد اللہ خان کے خطاب کے دوران سینیٹ اجلاس میں بدنظمی

سینیٹر مشاہد اللہ خان کے خطاب کے دوران سینیٹ اجلاس میں بدنظمی
September 18, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹر مشاہد اللہ خان کے خطاب کے دوران سینیٹ اجلاس میں بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ سینیٹر عتیق اور مشاہد اللہ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران مشاہد اللہ کے سوال پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر عتیق شیخ نے شور شرابا کیا اور کہا کہ یہ لوگوں کی عزت خراب کرتے ہیں، میں انہیں بچپن سے جانتا ہوں ، انہیں ایوان سے باہر نکالیں۔ لیگی سینیٹر مشاہد اللہ نے عتیق شیخ کو جواب میں کہا کہ کراچی میں 20 سال رہا ہوں، انکی پارٹی مجھے قتل کرنے کی دو بار کوشش کر چکی ہے، یہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ بانی ایم کیو ایم کا راج ہے۔ اس موقع پر لیگی سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہاؤس رولز کے مطابق نہیں چل رہا جبکہ بابر اعوان نے کہا کہ سینیٹ میں اس ماحول میں بات نہیں ہو سکتی۔ کسی کی طرف داری نہیں کر رہا لیکن ماحول ساز گار ہونا چاہیے۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر بیرسٹر سیف نے کہا کہ سیاسی حملے ضرور کریں  لیکن ذاتی حملے نہیں ہونے چاہیے، گالم گلوچ سے اس ایوان کی بے عزتی ہوئی ہے۔ پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے فرقہ وارانہ فسادات کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اس خطرناک سلسلے پر حکومت کو قابو پانا ہو گا۔ ہم اس پر خاموشی نہیں اختیار کر سکتے۔ اس کے بعد سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔