Tuesday, May 21, 2024

سینیٹر رضا ربانی انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب

سینیٹر رضا ربانی انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب
October 13, 2019
بلغراد ( 92 نیوز ) پاکستانی پارلیمانی سفارتکاری  کو تاریخی فتح حاصل ہو گئی ، ہندوستانی وفد کی بھرپور کوششوں کے باوجود پاکستانی امید وار سینیٹر رضا ربانی بھارت کے امیدوار ششی تھرور کے مقابلے میں  انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہو گئے  ۔ دنیا بھر کی 188 پارلیمان پر مشتمل انٹر پارلیمانی یونین کی 131ویں جنرل اسمبلی کا اجلاس سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں  ہوا ، اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر اسد قیصر کی  قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے شرکت کی ،  ایشیا پیسیفک  گروپ کا اجلاس آج اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ایشیا پیسیفک ممالک کی جانب سے آئی پی یو کی مجلس عاملہ کے لئے متفقہ نمائندہ منتخب کرنا تھا ،  پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس اہم عہدے کے لئے سینیٹر رضا ربانی کو نامزد کیا  ، پاکستان نے گروپ میں فوری خفیہ الیکشن کا مطالبہ کیا ، خفیہ رائے دہی میں اپنی یقینی شکست کا اندازہ  ہوتے ہی بھارتی امیدوار ششی تھرور نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے شکست تسلیم کر لی۔ ہندوستانی وفد نے انتخابات موخر کرانے کی بھرپور کوشش کی مگر 34 رکنی ایشیا پیسیفک گروپ کے کسی بھی رکن کی جانب سے پذیرائی نہ مل سکی ۔سینیٹر  رضا ربانی کے علاوہ ایشیا پیسیفک گروپ نے سینٹر شیری رحمان کو کمیٹی برائے پائیدار ترقی،  مالیات اور تجارت کا رکن بھی منتخب کر لیا۔ سینٹر جاوید عباسی ڈرافٹنگ کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے ،  اسپیکر اسد قیصر بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم آئی پی یو کی ایشیا پیسیفک گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں ، اس سے قبل شاندانہ گلزار بھی دولت مشترکہ خواتین کی چیئرپرسن منتخب ہوئی ہیں۔