Friday, March 29, 2024

سینیٹ ہاوسنگ سوسائٹی کی اراضی مہنگی خریدنے کے الزام پر ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضیٰ گرفتار

سینیٹ ہاوسنگ سوسائٹی کی اراضی مہنگی خریدنے کے الزام پر ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضیٰ گرفتار
October 21, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سینیٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضیٰ کو ضمانت خارج ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ان پر سینیٹ ہاوسنگ سوسائٹی کی اراضی مہنگی خریدنے کا الزام ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہاوسنگ سوسائٹی میں کروڑوں روپے خوردبرد کرنے کے الزام میں ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ رانا غلام مرتضیٰ کی درخواست ضمانت خارج کردی۔ پولیس نے ایڈیشنل سیکرٹری کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ رانا غلام مرتضیٰ کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کیا تھا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری پر الزام ہے کہ اس نے سینیٹ ہاوسنگ سوسائٹی کی اراضی مہنگے داموں خرید کر سستی فروخت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری پر ہاوسنگ سوسائٹی میں ساڑھے چار کروڑ سے زائد خوردبرد کا الزام ہے۔ رانا غلام مرتضیٰ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کررکھی تھی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضیٰ کی گرفتاری کا حکم دیدیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے نیب کے حوالے کر دیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری رانا غلام مرتضیٰ کو نیب کی عدالت میں کل پیش کیا جائے گا۔