Wednesday, May 8, 2024

سینیٹ کے 52 ارکان 11 مارچ 2021 میں ریٹائرڈ ہو جائینگے

سینیٹ کے 52 ارکان 11 مارچ 2021 میں ریٹائرڈ ہو جائینگے
December 14, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹ میں 6 سالہ آئینی مدت پورے کرنے والے 52 سینیٹرز 11 مارچ 2021 میں ریٹائرڈ ہو جائیں گے ، ریٹائر ہونے والے سینیٹرز میں سے بیشتر کا تعلق اپوزیشن جماعتوں سے ہے۔ حکومتی پنچوں سے 18 اراکین ریٹائرہوں گے۔

آئندہ سال مارچ میں موجودہ 103 ارکان سینٹ میں سے 52 اراکین ریٹائر ہورہے ہیں، جس میں 34 کا تعلق اپوزیشن جماعتوں جبکہ 18 حکومتی بینچوں سے ہیں۔سینیٹ کے کل ارکان  کی تعداد 104 ہے تاہم اسحٰق ڈار نے سینیٹر کی حیثیت سے حلف نہیں اٹھایا تھا ، سینیٹ میں ن  لیگ کے موجودہ 30 سینیٹرز میں سے 17 اراکین مارچ 2021 میں  ریٹائر ہورہے ہیں ، اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق، مشاہد اللہ خان اور پرویز رشید ریٹائر ہورہے ہیں۔

52 سینیٹرز میں سے 8 ارکان  پیپلزپارٹی کے بھی ہیں جو اپنی 6 سالہ مدت پوری کریں گے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، شیری رحمٰن، رحمٰن ملک اور فاروق نائیک ان 8 ارکان میں شامل ہیںجو پیپلزپارٹی کے موجودہ 21 سینیٹرز میں سے ریٹائر ہوں گے۔تاہم سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی اکثریت کے باعث سلیم مانڈوی والا، رحمٰن ملک اور فاروق نائیک کے دوبارہ سینیٹ میں آنے کے امکانات روشن ہیں۔

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے علاوہ جے یو آئی ف، نیشنل پارٹی اور پی کے میپ کے 2، 2ارکان  اور بی این پی مینگل، جماعت اسلامی اور اے این پی کا ایک، ایک سینیٹر آئندہ سال مارچ میں ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق بھی ریٹائر ہونے والے سینیٹرز میں شامل ہیں، حریک انصاف کے موجودہ 14 سینیٹرز میں سے 7 ریٹائر ہورہے ہیں جس میں سے زیادہ تر کاتعلق خیبرپختونخوا سے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ریٹائر ہونے والے ان ارکان  میں سے سینیٹر شبلی فراز، محسن عزیز اور نعمان وزیر شامل ہیں۔