Friday, May 10, 2024

سینیٹ نے فاٹا اصلاحات بل منظور کر لیا

سینیٹ نے فاٹا اصلاحات بل منظور کر لیا
April 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹ نے فاٹا اصلاحات بل منظور کر لیا ۔ سینیٹ اجلاس کے دوران پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی نے فاٹا کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک رسائی دینے کے بل کا جائزہ لینے کے بعد منظور کیا۔ پورے ایوان پر مشتمل سینٹ  کمیٹی اجلاس میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے دائرہ کار کو قبائلی علاقہ جات تک بڑھانے سے متعلق بل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ وزیر قانون چوہدری بشیر ورک نے کہا فاٹا اصلاحاتی بل پر مبنی سفارشات تمام سٹیک ہولڈز بشمول قبائلی عمائدین سے مل کر مرتب کیں جبکہ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فاٹا کی عوام کو 2009 میں ووٹ کا حق دیا گیا تھا ، ایف سی آر بادشاہت کا نظام ہے اور فاٹا کی عوام کو اپنے حقوق کا علم  تک نہیں ۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ آج سینیٹ کے لیے تاریخی دن ہو گا ۔ آج فاٹا کی عوام کو شخصی آزادی دینے کے متعلق بل کی سفارشات کو پاس کیا جارہا ہے ، ہم اس بل کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ مجھ سمیت تمام حکمران فاٹا کی عوام کے مجرم ہیں، فاٹا کے عوام کو حقوق دینے کے لئے ماضی میں کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔