Saturday, May 18, 2024

سینیٹ نے امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش اور سبین محمود کے قتل کیخلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لیں

سینیٹ نے امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش اور سبین محمود کے قتل کیخلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لیں
May 6, 2015
اسلام آباد (92نیوز) آج سینیٹ کے اجلاس میں امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش اور انسانی حقوق ورکر سبین محمود کے قتل پر مذمتی قراردادیں پیش ہوئیں جو منظور کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت شروع ہوا تو سبین محمود قتل کیس کے بارے میں توجہ دلاو نوٹس پر بحث شروع ہوئی۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ مرکزی حکومت اس قتل کے حوالے سے جوابدہ ہے، اس قتل پر انٹیلی جنس اداروں پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں، ایسی قانون سازی کی جائے کہ جس سے انٹیلی جنس ادارے قانون کے دائرے میں آجائیں، ابھی تک جتنے کمیشن بنے ہیں ان کی کوئی رپورٹ نہیں آئی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی سینیٹر نسرین جلیل نے سبین محمود قتل کیس کے حوالے سے مذمتی قرارداد پیش کی جو ایوان میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جبکہ قرارداد میں سبین محمود کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ بعدازاں مشاہد حسین سید نے اجلاس میں توہین آمیز خاکوں پر قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں قرار دیا گیا کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کرانا نفرت انگیز عمل ہے، یورپ اور امریکہ کی توہین آمیز خاکوں پر دوہری پالیسی ہے، یہ ایوان توہین آمیز خاکوں کی مذمت کرتا ہے ، ایسے عمل سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی جارہی ہے۔