Friday, May 17, 2024

سینیٹ میں نیب ترمیمی بل منظور کر لیا گیا

سینیٹ میں نیب ترمیمی بل منظور کر لیا گیا
November 19, 2021 ویب ڈیسک

اسلام اباد (92 نیوز) اپوزیشن کو ایوان بالا میں اکثریت کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ سینیٹ میں نیب ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ  صادق سنجرانی کی زیر صدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا۔ ایوان میں صحافیوں کے تحفظ کا بل ، نیب ترمیمی بل اور ایچ ای سی بل کثرت رائے سے منظور کر لئے گئے۔ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے حق 35 اور مخالفت میں 29 ووٹ جبکہ ایچ ای سی ترمیمی بل کے حق میں 34 اور مخالفت میں 28 ووٹ  آئے۔

حکومت کی جانب سے ضمنی ایجنڈا لانے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چیئرمین  ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور ایجنڈا کی کاپیاں پھاڑ کر چیئرمین سینیٹ کی طرف لہرا دیں اور شدید نعرے بازی کی۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے نیب ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ جب اپنے نمبرز پورے نہیں ہوتے تو چیئرمین کے خلاف بات کرتے ہیں۔

اس دوران حکومتی سینیٹرز نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے بھی لگائے۔ ایوان میں تحفظ طفل ترمیمی بل اور ملازمتی مقامات پر خواتین کو ہراساں کئے جانے کے خلاف تحفظ ترمیمی بل پیش کیے گئے جنھیں متعلقہ کمیٹیوں  کے سپرد کر دیا گیا۔

ایوان میں گوانتا نامو بے میں 18 سال سے  قید سیف اللہ پراچہ کی بازگشت بھی سنائی دی۔ سینیٹر مشتاق کا کہنا تھا کہ کیا پاکستانیوں کا خون اتنا سستا ہے۔

وزیرملکت علی محمد خان نے کہا کہ مشرف کے زمانے میں یہ سب کچھ ہوا۔ سیف اللہ پراچہ کو جلد پاکستان لایا جائے گا۔

اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔