Friday, March 29, 2024

سینیٹ میں ناموس رسالتؐ سے متعلق پیش کردہ متنازعہ بل واپس لے لیا،وزیر مذہبی امور

سینیٹ میں ناموس رسالتؐ سے متعلق پیش کردہ متنازعہ بل واپس لے لیا،وزیر مذہبی امور
September 30, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز)سینیٹ میں ناموس رسالتؐ سے متعلق پیش کردہ متنازعہ بل واپس لے لیاگیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امورپیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سینیٹ میں ناموس رسالتؐ سے متعلق پیش کردہ متنازعہ بل واپس لے لیا، حکومت ناموس رسالتؐ سے متعلق آئین کی شق 295سی کا مکمل دفاع کریگی جبکہ بھارت پر واضح کردیا کہ  پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائیگا ۔ وفاقی دارلحکومت میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس سے وفاقی وزیر مذہبی امورپیر نور الحق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں قربانیاں رنگ لائی ہیں ، بھارت اپنی تمام ترسامراجیت کے باوجود فیل ہو چکا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال سے کشمیر متحرک اور انقلابی کشمیر بن چکا، ہندوستان مستقبل سے خائف ہوکر دھمکیوں پر اتر آیا ، پاکستان طاقتور ملک ، مسلح افواج لڑنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مکروہ مقابلوں پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے مسلم دنیا کو اکٹھا کیا اور  دو ٹوک موقف اپنایا۔ ہالینڈ کیساتھ ہی نہیں اقوام متحدہ میں اقوام عالم کو بتادیا کہ ناموس رسالتؐ پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ وفاقی وزیر مذہبی اُمور نے اعلان کیا کہ سینیٹ میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا پیش کردہ متنازعہ بل واپس لے لیا گیا ہے اور یقین دلایا کہ حکومت ناموس رسالتؐ سے متعلق آئین کی شق 295سی کا مکمل دفاع کریگی ۔