Friday, April 19, 2024

سینیٹ میں حکومت کو شکست ،قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس مستردکردیا گیا

سینیٹ میں حکومت کو شکست ،قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس مستردکردیا گیا
January 18, 2017
اسلام آباد(92نیوز)سینیٹ میں حکومت کو شکست قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس  مسترد کردیا گیا ہے۔ آرڈیننس کےخلاف قرارداد کےحق میں 33جبکہ مخالفت میں 21 ووٹ آئے۔ قرارداد کی منظوری سے قومی احتساب ترمیمی  آرڈیننس غیرفعال ہوگیا۔ تفصیلات کےمطابق سینیٹ میں قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس 2017 کے خلاف قرارداد پیپلزپارٹی، اے این پی ، پی ٹی آئی اور ق لیگ نے مشترکہ طور پر پیش کی۔ حکومتی اتحادی جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے بھی قرار داد کی حمایت  میں ووٹ دیا۔قرارداد کی منظوری سے قومی احتساب ترمیمی  آرڈیننس غیرفعال ہوگیا ہے۔آرڈیننس کے ذریعے پلی بار گین کرنے والوں کو تاحیات نااہل قرار دینے کی شق شامل کی گئی تھی۔سینٹر تاج حیدر کا کہناتھاکہ اپوزیشن بھی پلی بارگین کی مخالف ہے حکومت کی طرف سے پیش کیا گیا آرڈیننس غیرآئینی ہے ۔ حکومت نے آرڈیننس کے معاملے پر کسی بھی جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔پلی بارگین کرنے والوں کیلئے سرکاری عہدوں پر تاحیات نااہلی صرف اشتہار بازی ہے۔ وزیرقانون زاہد حامد کہتے ہیں کہ قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس انتہائی مناسب ہے۔ پلی بارگین کرنے والوں عوامی، سرکاری عہدوں کیلئے تاحیات نااہل کرنے کی بات شامل تھی۔قومی احتساب ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے چیئرمین نیب کے اختیارات بھی محدود کیے گئےتھے۔پلی بارگین پر عوامی حلقوں میں تنقید ہورہی تھی۔ پلی بارگین کے ذریعے مجرموں کو چھوڑ دینا کہاں کا انصاف ہے۔آرڈیننس کو قرارداد کے ذریعے ختم کرنا افسوسناک ہے۔