Friday, April 19, 2024

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں میرحاصل بزنجو کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں میرحاصل بزنجو کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی
August 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹ اور قومی اسمبلی میں میرحاصل بزنجو کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اراکین نے اظہارخیال کیا کہ حاصل بزنجو قومی لیول کے سیاستدان تھے۔ پاکستان اور پارلیمنٹ کی پہچان بنے۔ خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ قومی اسمبلی کے نئے پارلیمانی سال کے پہلے اجلاس کا پہلا دن میر حاصل خان بزنجو کے نام رہا۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں میر حاصل بزنجو کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ خواجہ آصف نے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حاصل بزنجو نے ساری عمر جمہوریت  کی بقاء کیلئے جدوجہد کی، وہ جمہوریت اور انسانی حقوق کی مضبوط آواز تھے، ایسے بڑے لوگ آہستہ آہستہ اٹھتے جارہے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ  پاکستان بہترین سیاستدان اور بہترین پارلیمنٹرین سے محروم ہو گیا۔ شہریار آفریدی   اور شیری مزاری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر حاصل بزنجو نے ایک طویل جدوجہد کی۔  ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی مگر پاکستان کی سالمیت پر کبھی سوال نہیں اٹھایا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میر حاصل بزنجو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھرپور جمہوری انداز میں بلوچستان کی عوام کے حقوق کی بات کی اور پارلیمانی روایات کو فروغ دیا۔ حاصل بزنجو کے احترام میں اجلاس پیر کی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔