Thursday, April 25, 2024

سینیٹ انتخابات سے قبل ارکان اسمبلی کو فنڈز کے اجرا سے متعلق پیپلزپارٹی کی درخواست مسترد

سینیٹ انتخابات سے قبل ارکان اسمبلی کو فنڈز کے اجرا سے متعلق پیپلزپارٹی کی درخواست مسترد
March 16, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹ انتخابات سے قبل ارکان اسمبلی کو فنڈز کے اجرا سے متعلق پیپلزپارٹی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

الیکشن کمیشن کی ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصرکی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے پیپلز پارٹی کی درخواست پرسماعت کی۔ دوران سماعت نیئر بخاری نے دلائل دینے کا آغاز کیا تو کمیشن نے استفسار کیا کہ کیس سپریم کورٹ میں بھی زیرسماعت تھا۔ نیئربخاری بولے کہ سپریم کورٹ میں حکومت نے فنڈز کے اجرا کی خبر کو غلط قرار دیا تھا۔ وزیراعظم کی جانب سے سینیٹ انتخابات سے قبل فنڈ کا اجرا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ ضابطہ اخلاق میں وزیراعظم کا نہیں بلکہ صرف صدر اور گورنرز کا ذکر ہے ۔ نیئربخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں اور الیکشن کمیشن کی توہین کی جو بادی النظر میں کرپٹ پریکٹس کا کیس ہے۔

دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے درخواست خارج کر دی۔