Thursday, April 25, 2024

سینیٹ الیکشن ،پنجاب سے مسلم لیگ ن کا کلین سویپ

سینیٹ الیکشن ،پنجاب سے مسلم لیگ ن کا کلین سویپ
March 5, 2015
لاہور(ویب ڈٰیسک)2015کے سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے گیارہ نشستوں پر سولہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا ،جس میں مسلم لیگ ن نے کلین سویپ کرلیا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق سات جنرل،دو ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوئے جس میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے کلین سویپ کر لیا۔ سینیٹ انتخابات میں سات جنرل نشستوں پر دس خواتین کی دو نشستوں کےلئے تین ٹیکنوکریٹس پلس علما کی دونشستوں پربھی تین امیدوار آمنے سامنے تھے۔ سات جنرل سیٹوں میں دس امیدواروں میں سے نو مسلم لیگ ن سے جب دسویں امیدوار ندیم افضل چن کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا ۔ پولنگ صبح نو بجے سے چار بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی جس میں تین سو پینتیس ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ تین اراکین اسمبلی شمعونہ بادشاہ، شوکت بھٹی اور ظہور انور نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چودھری تنویر، مشاہد اللہ خان، پرویز رشید،نہال ہاشمی، سلیم ضیاء، غوث خان نیازی، جنرل ریٹایرڈ عبدالقیوم جیت گئے۔ ٹیکنوکریٹس کی سیٹ پر راجہ ظفر الحق اور پروفیسر ساجد میرکو برتری ملی جبکہ خواتین کی نشستوں پر نجمہ حمیداورعائشہ رضافاروق کامیاب ہوئیں حکومتی امیدواروں کی کامیابی کے اعلان سے قبل ہی ن لیگی کارکن پنجاب اسمبلی کے باہر جمع ہو گئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا،، اس موقع پر کارکنوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔