Thursday, March 28, 2024

سینیٹ الیکشن، پنجاب سے تحریک انصاف نے دونوں نشستیں جیت لیں

سینیٹ الیکشن، پنجاب سے تحریک انصاف نے دونوں نشستیں جیت لیں
November 15, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب میں ہونے والے سینیٹ کے ضمنی الیکشن سے تحریک انصاف نے دونوں نشستیں جیت لیں۔ تحریک انصاف کے ولید اقبال اور سیمی ایزدی نے میدان مار لیا۔ پولنگ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 173 ووٹ کاسٹ کیے گئے جن میں مسلم لیگ (ن) کے 166 اور پیپلزپارٹی کے 7 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 179 اور اتحادی (ق) لیگ کے 10 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ولید اقبال 184 اور سیمی ایزدی 183 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مد مقابل (ن) لیگ کے سعود مجید کو 176 اور سائرہ افضل کو 175 ووٹ ملے۔ جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ولید اقبال اور ن لیگ کے سعود مجید مد مقابل تھے۔ خواتین کی مخصوص نشست پر سیمی ایزدی اور سائرہ افضل تارڑ آمنے سامنے تھے۔ ن لیگی سینیٹرز سعدیہ عباسی اور ہارون اختر کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی پنجاب سے سینیٹ کی دو نشستوں پرانتخاب آج پنجاب اسمبلی میں ہوا۔ پنجاب اسمبلی کو پولنگ سٹیشن کا درجہ دے دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے ارکان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر ظفر حسین نے ریٹرننگ افسر کی ڈیوٹی سر انجام دی۔۔ سینیٹ انتخاب کیلئے پولنگ صبح نو بجے سے شام چار بجے تک جاری رہا۔ پنجاب اسمبلی کے ہر رکن کو دو دو بیلٹ پیپرز دئیے گے۔ سینیٹ الیکشن کے لیے ایک ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ ارکان کیلئے ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ حلوہ پوری، کباب اور دیگر مزے مزے کے پکوان شامل ہیں۔