Friday, May 17, 2024

سینیٹ الیکشن ، اسلام آباد سے جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کامیاب

سینیٹ الیکشن ، اسلام آباد سے جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کامیاب
March 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹ الیکشن کے لیئے اسلام آباد کی جنرل نشست پر بڑا اپ سیٹ ہو گیا۔ یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو مات دے دی۔

اسلام آباد سے سینیٹ کی ایک جنرل اور ایک خواتین کی نشست پر پولنگ ہوئی۔ تین سو چالیس ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ ایوان میں ووٹوں کی گنتی انتہائی طویل رہی۔ عبدالحفیظ شیخ کے پولنگ ایجنٹ نے اعتراض اُٹھایا تو ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوئی۔

اس پورے عمل کے دوران عطا تارڑ اور پیپلز پارٹی ارکان مطمئن دکھائی دیئے۔ جیسے جیسے ووٹ گنے جارہے تھے اپوزیشن ارکان کی خوشی بڑھ رہی تھی۔

وکٹری کا سگنل ملا تو عبدالحفیظ شیخ نے کامیاب امیدوار یوسف رضا گیلانی کو گلے لگایا۔ دونوں ایوان میں ساتھ چلتے ہوئے اسپیکر ڈائس تک پہنچے۔ ایوان میں سید یوسف رضا گیلانی کی جیت کا باقاعدہ اعلان بھی ہوا۔

اسلام آباد سے خواتین نشست پر پی ٹی آئی امیدوار فوزیہ ارشد نے مسلم لیگ ن کی فرزانہ کوثر کو شکست دی۔ تین سو چالیس میں سے  سات قومی اسمبلی ارکان کے ووٹ مسترد ہوئے۔

حکومتی رہنما شہباز گل کے مطابق مسترد ووٹوں کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پانچ ووٹوں کا فرق ہے۔ نتیجے کو چیلنج کریں گے۔