Wednesday, April 24, 2024

سینیٹ اجلاس میں شیخ رشیداورچودھری تنویرمیں تلخ کلامی،اپوزیشن واک آؤٹ کرگئی

سینیٹ  اجلاس میں شیخ رشیداورچودھری تنویرمیں تلخ کلامی،اپوزیشن  واک آؤٹ کرگئی
August 29, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) سینیٹ کا ہنگامہ آرائی سے بھرپور اجلاس ہوا جس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں تو تو میں میں ہوتی رہی ۔ شیخ رشید  نے چودھری تنویر کو تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ رضا ربانی اپنی ہی جماعت کے قائم مقام چیئرمین سینیٹ پر برہم ہو گئے ۔ سینیٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس  میں شیخ رشید اپنے عوامی مزاج میں دکھائی دیئے  اور ریلوے کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہہ ڈالا کہ ریلوے کی زمین کسی کے باپ کی جاگیر نہیں پلازے بنانے والوں کا حساب ہوگا۔ شیخ رشید کے الفاظ پر اپوزیشن ارکان بھی بھڑک اٹھے ، ن لیگ کے چوہدری تنویز نے مائیک سنبھالا اور دو ٹوک کہہ دیا کہ شیخ رشید کے الفاظ غیر پارلیمانی ہیں  اور ساتھ ہی بتا دیا کہ لال حویلی بھی کسی کے باپ کی ملکیت نہیں ۔ وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور نے غیرپارلیمانی الفاظ کو حذف کرنے کی درخواست بھی کی مگر اپوزیشن نے ایک نہ سنی اور تمام اپوزیشن ارکان واک آوٹ کر گئے۔ پھر کورم کی نشاندہی ہوئی اور گھنٹیاں بجائی گئیں  اپوزیشن واپس نہ آئی تو اجلاس آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کر دیا گیا ۔ کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو  آر ٹی ایس سسٹم  پر رضا ربانی اور قائم مقام  چیئرمین سینیٹ کے درمیان ٹھن گئی ، بات یہاں تک بڑھی کہ اپوزیشن پھر سے واک آؤٹ کر گئی  اور  قائمقام چیئرمین سینیٹ کو اجلاس کی کارروائی ملتوی کرنا پڑی گئی  اور یوں قصہ تمام ہو گیا  ۔