Friday, April 26, 2024

سینیٹ اجلاس ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمتی قرارداد منظور

سینیٹ اجلاس ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمتی قرارداد منظور
December 18, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی سینیٹ میں شدید مذمت کی گئی۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت ہوا۔  پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان پلوامہ میں معصوم کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتا ہے، کسی صحافی یا انسانی حقوق کی تنظیم کو مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ۔ اقوام متحدہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی مذمت کرے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیر کی صورتحال پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے، مسلئہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے خصوصی وفود تشکیل دیے جائیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں  سےمتعلق رپورٹ پر ایوان میں بحث بھی ہوئی ۔ وزیر انسانی حقوق شیری مزاری نے کہا ہم اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کشمیر پر رپورٹ کو لے کر یو این میں جارہے ہیں ۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارتی مظالم کے خلاف موثر طور پر آواز بلند کرے۔ سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کشمیر کے اندر کئی سالوں سے کھلم کھلا ریاستی دہشتگردی ہورہی ہے ۔ اقوام متحدہ صرف امریکہ کا ایک ہتھیار بن کر رہ گئی ہے۔ سینیٹ کا اجلاس کل دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔