Thursday, May 2, 2024

سینیٹ اجلاس : رینجرز اختیارات کی سمری مسترد کرنے پر وفاق کیخلاف احتجاج

سینیٹ اجلاس : رینجرز اختیارات کی سمری مسترد کرنے پر وفاق کیخلاف احتجاج
December 23, 2015
اسلام آباد (92نیوز) کراچی میں رینجرزکے اختیارات کے معاملے پر سینیٹ میں ماحول گرم رہا۔ پیپلزپارٹی اوراے این پی نے واک آﺅٹ کیا۔ اجلاس کے دوران بارہ ربیع الاول کے حوالے سے قرارداد بھی منظور کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے اجلا س کی صدارت چیئرمین میاں رضاربانی نے کی۔ پیپلزپارٹی کے فرحت اللہ بابر، سعیدغنی‘ سسی پلیجو اوراے این پی کے شاہی سید نے احتجاج کیا اورکہا کہ رینجرز کے اختیارات سے متعلق سندھ حکومت کی سمری وفاق کی طرف سے مسترد کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کاسندھ پرحملہ ہے۔ ان کاکہناتھا کہ صوبائی حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں کوئی کمی نہیں کی۔ ایم کیوایم کے طاہرمشہدی نے کہا کہ کراچی آپریشن کی مانیٹرنگ ہونی چاہے۔ انہوں نے پورے سندھ میں آپریشن کامطالبہ کیا۔ طاہرمشہدی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پیش کی جانیوالی قرارداد پیپلزپارٹی کے تحفظ کی قرارداد تھی۔ مشاہد سید نے تجویز دی کہ قومی سلامتی کے معاملے پرنیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ایوان کو ان کیمرہ بریفنگ دیں۔ شاہی سید نے کہا کہ معاملہ مل کرحل کیا جائے اوروفاق ثالث کا کردار ادا کرے۔ سینیٹ میں برطانوی خفیہ ادارے جی سی ایس کیو کی جانب سے پاکستان کے مواصلاتی ڈیٹا کی جاسوسی کا انکشاف بھی ہوا۔ شاہی سید نے ایوان کی توجہ اس طرف بھی مبذول کرائی۔ اس پر وفاقی وزیرشیخ آفتاب نے کہا کہ اس بارے میں ابھی کوئی ثبوت نہیں ملے۔ معاملہ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرکوبھجواتے ہیں جوا س کی انکوائری کریں گے۔ وفاقی وزیرزاہد حامد نے ایوان کوبتایا کہ نئی مردم شماری آئندہ سال مارچ میں ہوگی۔ اس سے قبل وقفہ سوالات کے دوران سوال کرنیوالے اراکین کی ایوان میں عدم موجودگی پر سوالات موخر کرنے پڑے۔ وقفہ سوالات کے دوران صرف چارسوالات ہی پیش کئے جاسکے۔ اجلاس کے دوران بارہ ربیع الاول کے حوالے سے قرارداد بھی منظور کی گئی جبکہ قائداعظم محمد علی جناح اور بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے سمیت کرسچن کمیونٹی کو مبارکباد کی قراردادیں بھی منظور کرلی گئیں۔