Friday, April 26, 2024

سینٹ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف قراردادِ مذمت منظور

سینٹ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف قراردادِ مذمت منظور
October 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سینٹ میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف قراردادِ مذمت منظور کرلی گئی۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس شروع ہوتے ہی فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر پر ایوان میں متفقہ قرارداد لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ قائد ایوان شہزاد وسیم نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس کی بھرپور مذمت کی ہے۔ قراردار کے متن میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات کو حکومتی سرپرستی حاصل ہونا افسوسناک ہے اس اقدام سےکروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ یہ اقدامات مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کا سبب بن سکتے ہیں۔ دنیا ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قرارداد کی کاپی پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر کےحوالے کرنے کی ہدایت کر دی۔ علاوہ ازیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں میں بھی مذمتی قراردادیں جمع کرادی گئیں۔