Saturday, May 18, 2024

سینٹ الیکشن لڑنے کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی جیت، پی ڈی ایم کی شکست، شیخ رشید

سینٹ الیکشن لڑنے کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی جیت، پی ڈی ایم کی شکست، شیخ رشید
January 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سینٹ الیکشن لڑنے کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی جیت، پی ڈی ایم کی شکست ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اپنے لیے بہتر راستے بنارہے ہیں، بلاول بھٹو نے میرے مشورے پر عمل کیا، اچھا کھیلا۔ مولانا فضل الرحمٰن کے چہرے پر ہوائیاں اڑ رہی ہیں، انکی سیاست الٹ گئی۔

وزیر داخلہ بولے کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں،لوگوں نے استعفوں پر دسختط ہی نہیں کیے، نہ استعفے ہو رہے ہیں، نہ یہ الیکشن کا بائی کاٹ کر رہے ہیں، یہ لانگ مارچ کریں گے، ان کے استقبال کی تیاری کر رہے ہیں۔ جس دن یہ لانگ مارچ کی ڈیٹ بتائیں گے، اِسی دن ہم اپنا آئینی اور قانونی حق جتائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت چھوڑ سکتا ہے، این آر او اور کرپشن کے آگے سرنڈر نہیں کرے گا۔ ن لیگ نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کر کے اپنے لیے مسائل پیدا کیے ہیں، جو پاک فوج کیخلاف نازیبا استعمال کرے گا، 72 گھنٹے میں اس کے کیخلاف پرچہ دوں گا۔ مزید کہا کہ 16 فروری کو نوازشریف کا پاسپورٹ ختم ہو رہا ہے وہ ایکسٹینڈ نہیں ہوگا۔  میں نے ہمدردی کی ہے، نواز شریف 16 فروری سے پہلے پہلے آجائیں۔

شیخ رشید بولے کہ، کہا تھا 20 فروری کے نزدیک سیاست کھل جائے گی، اپنی بات پر قائم ہوں، جو سیاستدان ڈائیلاگ کا راستہ کھلا نہیں رکھتا وہ کم  عقل ہے۔

انہوں نے کہا، 192 ممالک کا آن لائن ویزا کر دیا ہے، مینول ویزا ختم کر دیا ہے۔ 2لاکھ لوگوں نے آن لائن ویزا اپلائی کیا ہے۔ کہا کہ نیب ختم نہیں ہو رہا، 10 سال آپ نے نیب قانون میں ترمیم نہیں کی۔

اُن کا مزید کہنا تھا، فیصلہ کیا ہے ایک لاکھ شناختی کارڈ روزانہ جاری ہوں گے، پہلا شناختی کارڈ 15 روز کے اندر اور مفت جاری ہوگا۔ 15 لاکھ مہاجرین کا ہمارے پاس ڈیٹا ہے، 8 لاکھ افغان مہاجر غیر قانونی ہیں، 2 لاکھ افغان کارڈ بلاک کیے ہیں۔ 300 وین دوردراز علاقوں میں شناختی کارڈ جاری کریں گی۔ 50 نادرا سنٹرز کو 24 گھنٹے کیا جا رہا ہے۔