Monday, May 13, 2024

سینٹ اجلاس، اسٹیل ملز نجکاری اور ملازمین کو فارغ کرنے پر اراکین میں تکرار

سینٹ اجلاس، اسٹیل ملز نجکاری اور ملازمین کو فارغ کرنے پر اراکین میں تکرار
June 5, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سینٹ اجلاس میں اسٹیل ملز کی نجکاری اور ملازمین کو فارغ کرنے پر اراکین میں توں توں میں میں ہوگئی، اپوزیشن اراکین نے سوالات اٹھا دئیے۔ سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ کہ وہ اسٹیل ملز کو چلا کر دکھائیں گے، اسٹیل ملز کے ملازمین کا کیا قصور ہے؟ ووٹ لینے کیلئے بڑھی بڑھکیں مارنے والے مسعتفی ہو جائیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان سے قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے اجلاس میں بتایا کہ اسٹیل ملز 2008/09 میں منافع سے خسارے میں چلا گیا۔ 2015 میں اسٹیل ملز کو بند کر دیا گیا، ساڑھے پانچ سال سے 35 ارب کی تنخواہ دی جا رہی ہے۔ اسٹیل ملز کا 211 ارب کا قرضہ ہے، چاہتے ہیں کہ اسٹیل ملز کو نجی پارٹنرشپ کے ساتھ چلائیں۔ سینٹ اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا، عام انتخابات 2018 کی جائزہ رپورٹ بھی پیش کی گئی، اجلاس میں طیارہ حادثہ کے شہداء، ایل او سی پر فوجی جوانوں کی شہادت اور کورونا سے شہید ہونے والے ارکان اسمبلی اور عوام کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔