Friday, May 17, 2024

سینئر وزیر پنجاب علیم خان کو نیب نے گرفتار کرلیا

سینئر وزیر پنجاب علیم خان کو نیب نے گرفتار کرلیا
February 6, 2019
لاہور ( 92 نیوز) آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں  نیب  لاہور نے علیم خان کو گرفتار کرلیا،  ترجمان نیب کے مطابق علیم خان کی گرفتاری آف شور کمپنیز اور آمدن سے زائد اثاثوں پر عمل میں لائی گئی ۔ نیب نے حکمران جماعت کے اہم رہنما اور پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان  کو گرفتار کرلیا،  عبدالعلیم خان کو گرفتاری کے بعد نیب حوالات منتقل کر دیا گیا  ۔ انہیں  کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ استعمال کےلیے گھر سے اشیا منگوانے کی بھی اجازت دے دی گئی۔ عبدالعلیم خان نے پنجاب کی وزارت بلدیات کا قلمدان چھوڑ دیا اور استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دیا ۔ علیم خان کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے باعث سینئر وزیر کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں ، اپنے خلاف کیس اور گرفتاری کا عدالت میں سامنا کروں گا۔ علیم خان نے مزید کہا کہ امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔ نیب کے مطابق علیم خان  آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنیز کے قیام اور پیسوں کی منتقلی کے حوالے سے تحقیقات میں نیب کو مطمئن نہیں کرسکے۔ ڈی جی نیب لاہور کا کہنا ہے کہ نیب بہتر قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات اٹھا رہا ہے ، پسند نہ پسند کا کوئی تصور نہیں ،چیئرمین نیب کے ویژن کے مطابق بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عبدالعلیم خان نیب لاہور میں پہلے 3 بار پیش ہو ئے ، آخری پیشی 10 اگست 2018 کو ہوئی ۔ 6 ماہ بعد عبدالعلیم خان آج  چوتھی مرتبہ نیب میں پیش ہونےکے بعد گرفتار کرلیے گئے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کو علیم خان کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کردیا گیا ۔ وزیراعظم نے وزرا کو معاملے پر بیان بازی سے روک دیا  اور کہا کہ  نیب قانون کے مطابق کارروائی کرے ، حکومت اثر انداز نہیں ہوگی ۔ ادھر وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان کا کہنا ہے علیم خان ملزم ہیں نہ مجرم ، نیب نے صرف تحویل میں لیا ہے  جلد باعزت بری ہوکر باہر آئیں گے۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  اہم اجلاس طلب کرلیا ، گورنر سمیت صوبائی وزراء شریک ہونگے ۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل کہتے ہیں عمران خان نے 22 سال سے عوام کے ساتھ وعدہ کیا ہے  کہ  تمام کام میرٹ پر ہونگے  ، گرفتاری پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما  قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ صرف ایک کیس میں علیم خان کو بٹھانے سے بیلنس نہیں ہوگا ، اپوزیشن کو چھوٹی چھوٹی بات پر نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے  طلال چودھری نے رد عمل دیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پوری طرح فیل ہوگئی ، ہم نہ ڈیل چاہتے ہیں نہ ڈھیل ، شور مچانے والے اب بھی کام پر توجہ دیں۔