Friday, April 19, 2024

سینئر وزیر عاطف خان اور شہرام خان کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جانا تھا، دہشتگرد کا ‏انکشاف

سینئر وزیر عاطف خان اور شہرام خان کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جانا تھا، دہشتگرد کا ‏انکشاف
May 6, 2019
پشاور( 92 نیوز) پشاور کے علاقے حیات آباد میں آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کےگرفتار ساتھی نے خوفناک انکشاف کر دئیے، بتایا کہ سینئر وزیر عاطف خان اور شہرام خان کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جانا تھا۔ عدالت میں بیان قلمبند کراتے ہوئے ملزم نے کہا کہ سینئر وزیرعاطف خان اور شہرام خان کو نشانہ بنانے کیلئے خودکش بمبار تیار کیا۔

پشاور میں 16 گھنٹے طویل آپریشن،5دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے ‏

ملزم نے مزید بتایا کہ  فیز 7 میں آپریشن کے بعد تباہ کیا گیا مکان ہمارا ہیڈکوارٹر تھا۔ پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف 16 گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا  تھا جس میں  سکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ مقابلے میں 5 دہشتگرد انجام کو پہنچے جب کہ بارودی مواد ناکارہ بنانے کے دوران دھماکے سے عمارت زمین بوس ہو گئی  تھی۔ پشاور کے پوش علاقے حیات آباد کے فیزسیون میں ایک گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پرکارروائی کی گئی۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے دوران کمین گاہ میں چھپے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا، مقابلے میں پولیس اے ایس آئی قمرعالم جام شہادت نوش کرگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا۔ آپریشن مکمل کرنے والے آرمی کے کمانڈوز کو شہریوں نے تالیاں بجا کر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے میں موجود بارودی مواد نکارہ بنانے کے عمل کے دوران دھماکے سے گھر زمین بوس ہوگیا ۔  ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے سہولت کار اور پراپرٹی ڈیلر کو گرفتارکر لیا گیا تھا۔