Friday, April 26, 2024

سینئر صحافی اور 92 نیوز کے سینئر تجزیہ کار عارف نظامی انتقال کر گئے

سینئر صحافی اور 92 نیوز کے سینئر تجزیہ کار عارف نظامی انتقال کر گئے
July 21, 2021

لاہور (92 نیوز) سینئر صحافی اور 92 نیوز کے سینئر تجزیہ کار عارف نظامی انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

عارف نظامی نے زندگی شعبہ صحافت کے لیے وقف کر رکھی تھی اور مختلف اخبارات کے ایڈیٹر رہے۔ نائنٹی ٹو نیوز سمیت مختلف اخبارات میں کالم بھی لکھتے رہے۔ انہوں نے 92 نیوز میں بطور اینکر بھی ذمہ داریاں ادا کیں۔

چیئرمین 92 نیوز میڈیا گروپ میاں محمد حنیف اور سی ای او 92 نیوز میڈیا گروپ میاں محمد رشید اور نائنٹی ٹو میڈیا فیملی نے عارف نظامی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

سینئر صحافی عارف نظامی 14 اکتوبر 1948 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم  لاہور سے حاصل کی۔ اس کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن اور پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ایم اے کیا۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے والد حمید نظامی کے اخبار نوائے وقت کے ایگزیکٹو ایڈیٹر کے طور پر طویل عرصہ تک ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ پاکستان ٹوڈے کے ایڈیٹر بھی رہے۔