Sunday, May 12, 2024

سینئر اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے

سینئر اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے
November 13, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سینئر اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کا ایک اور بڑا نام رخصت ہو گیا ۔ سینئر اداکار سہیل اصغر علالت کے باعث کراچی میں انتقال کر گئے ۔ وہ گذشتہ کچھ عرصہ سے علیل تھے ۔ ان کا تعلق جنوبی پنجاب سے تھا تاہم وہ کراچی میں رہائش پذیر تھے۔

لاہور سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے سہیل اصغر پاکستانی اسٹیج اور ٹی وی کے سنیئر ترین اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ اُنہوں نے لاہور میں مزاحیہ اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جو ان کی شہرت کی بنیاد بنے۔ اُن کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں خدا کی بستی، لاگ ، کاجل گھر، حویلی، دکھ سکھ ،ریزہ ریزہ، چاند گرہن اور پیاس سمیت دیگر کئی معروف ڈرامے شامل ہیں۔

92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری کا ایک بڑا نام رخصت ہوا۔ ان کا خلا کبھی پر نہیں ہو گا۔

سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ سہیل اصغر ایک بڑے فنکار تھے اور ایسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

2003 میں سہیل اصغر نے پہلی مرتبہ چھوٹی اسکرین سے بڑی اسکرین پر قدم رکھا اور فلم ’مراد ‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اُس کے بعد اُنہوں نے فلم ’ماہ نور‘ میں بھی کام کیا۔ جسے بے حد پسند کیا گیا۔ سہیل اصغر اپنے منفرد انداز اور شخصیت کی وجہ سے بے حد پسند کیے جاتے تھے۔