Sunday, September 8, 2024

سیلاب کی تباہ کاریاں، بھارتی سرحدی خلاف ورزیاں !!! قومی اسمبلی میں عوامی نمائندوں نے عوام کیلئے ایک لفظ نہ بولا

سیلاب کی تباہ کاریاں، بھارتی سرحدی خلاف ورزیاں !!! قومی اسمبلی میں عوامی نمائندوں نے عوام کیلئے ایک لفظ نہ بولا
August 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ارکان پارلیمنٹ گزشتہ دو ہفتوں سے اپنے سیاسی جھگڑے نمٹاتے رہے۔ سیلاب اور سیزفائر کی بھارتی خلاف ورزیوں جیسے اہم قومی معاملات بھی فراموش کر ڈالے۔ اس دوران قومی اسمبلی میں حکومت تو کیا اپوزیشن اراکین نے بھی عوامی مسائل کا ذکر تک نہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کروڑوں عوام سیلاب کی زد میں ہیں، لاکھوں بے گھر ہو گئے، اراکین اسمبلی اپوزیشن کے ہوں یا حکومتی انہیں تو ڈی سیٹ کی تحاریک ہی سے فرصت نہیں، سیلاب سے دوچار عوام کا پرسان حال کون ہوتا۔ ورکنگ باونڈری پر بھارت کی اشتعال انگیزی حد سے بڑھ رہی ہے۔ درجنوں سویلین اس گولہ باری کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار چکے ہیں مگر یہاں تو سیاسی داو پیچ ہو رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کی بالادستی کی باتیں تو بہت ہوئیں اور قرارداد بھی منظور کر لی گئی مگر عوام کے بنیادی حقوق پر کسی کو ایک لفظ بولنے کی توفیق نہ ہوئی۔ سیلاب، بھارتی سرحدی خلاف ورزیاں سیاست کی نذر ہو گئیں۔ آخر حکومت وقت کو دشمن ملک کی سرحدی خلاف ورزیوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر ایوان کو اعتماد میں لینے کی فرصت کب ہو گی۔ کوئی حکومتی رکن اس کا جواب دینے کو تیار نہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت عوامی مسائل ، اہم قومی سلامتی امور پرپارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لے گی تو پھر عوام کا تو خدا ہی حافظ۔