Thursday, May 2, 2024

سیلاب نے تباہی مچا دی !!! سینکڑوں بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں، گھوٹکی کے مزید 10دیہات ڈوب گئے، امدادی سرگرمیاں جاری

سیلاب نے تباہی مچا دی !!! سینکڑوں بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں، گھوٹکی کے مزید 10دیہات ڈوب گئے، امدادی سرگرمیاں جاری
July 25, 2015
لاہور (92نیوز) تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ دریائے کابل میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ نے گھوٹکی کے مزید دس دیہات کو ڈبو دیا، کچے کے سو سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ، چترال میں سات گھر پانی میں بہہ گئے، آٹھ افراد ابھی تک لاپتہ۔ دوسری جانب سیلاب نے جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں تباہی مچا دی، کئی مکان، درخت، سڑکیں اور پل بہہ گئے، سیکڑوں بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں، ہزاروں افراد بے گھر، مختلف علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تربیلاڈیم سے اضافی پانی کے اخراج کےلئے سپل ویزکھول دئیے گئے ہیں۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بڑھ کر پندرہ سو چھتیس فٹ ہوگئی۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 3لاکھ 46ہزار 200کیوسک، اخراج 2لاکھ62 ہزار900کیوسک ہے۔ تربیلاڈیم کے14پیداواری یونٹس سے3540 میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے۔ دریائے سندھ میں گھوٹکی کے مقام پر طغیانی کے باعث قادرپور، رونتی، آندل سندرانی کے مزید 10دیہات میں سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔ کچے کے 100 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ کشتی مالکان سیلاب متاثرین سے ڈبل کرایہ وصول کرنے لگے۔ دریں اثنا چترال میں سیلاب زدہ افراد کی مدد اور بحالی کےلئے پاک فوج کی امداد ی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے چھبیس سے زائد محصور افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ اب تک سیلاب سے تباہ ہونے والی کئی سٹرکیں بھی بحال کر دی گئی ہیں۔ چترال اور بونی کے درمیان شاہراہ کو ہلکی ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا۔ شکر ،خلپواور ہنزہ میں چار میڈیکل کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں مفت طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔